قصور(میاں خلیل صدیق آرائیں سے)
صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ریونیو عوامی خدمت سروسز عوام کی فوری دادرسی میں معاون ثابت ہورہی ہیں‘پنجاب حکومت کے اس اقدام سے عام آدمی کے محکمہ ریونیو سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں اور عوام کا اداروں پر اعتماد بڑھا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ریونیو عوامی خدمت سروسز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ارشد بھٹی‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین چیمہ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور اورنگزیب سدھو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ مال کی جانب سے پنجاب بھر میں ریونیو عوامی خدمت سروسز متواتر منعقد کی جا رہی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنرز‘متعلقہ افسران اور عملہ ایک چھت تلے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو میں جدید ریفامز کے نتیجے میں متعلقہ تحصیل دفاتر میں درستگی ریکارڈ، فرد کا اجراء، انتقالات کا اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کا اجراء اور ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات موقع پر حل کیے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے اس انقلابی اقدام سے عام آدمی کو اس کی دہلیز پر ریلیف مل رہا ہے۔ حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے قابل تحسین اقدامات اٹھائے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے عوام کو انکی دہلیز پر ضروری سہولیات مہیا ہو رہی ہیں۔
0 Comments