قصور(بیورو رپورٹ)
موسم سرماکی آمد سے ہی لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں اضافہ۔ قیمت بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں، عوام کا ضلعی انتظامیہ سے قیمتیں کنٹرول کرنے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق موسم سرما کی آمد سے قصور شہر اور گردونواح میں گیس کی قلت کے باعث شہری متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبورہو چکے ہیں۔ لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں اضافہ قیمت بھی بڑھنے لگی۔ خشک لکڑی کی قلت کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا۔موسم نے کروٹ بدلی تو شہر کے بیشتر علاقوں سے گیس روٹھ گئی۔ گیس کی عدم فراہمی نے لکڑی اور کوئلے کی مانگ بڑھا دی۔ متبادل ایندھن کے دام بڑھنے پر شہری پریشان، دو وقت کا کھانا بنانا امتحان بن گیا۔شہر میں کوئلہ 80 سے 100 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ لکڑی 1100 روپے فی من بیچی جا رہی ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں خشک لکڑی کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ ابھی سے لکڑی کی قلت ہونے لگی ہے جس کے باعث قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔لکڑی اور کوئلے کے استعمال میں اضافے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا بھی خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لے کر لکڑی اور کوئلے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور سوئی گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
0 Comments