Ad Code

بے لگام ڈاکوشہریوں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے لگے۔

 قصور (بیورو رپورٹ)


 بے لگام ڈاکوشہریوں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے لگے۔ قصور پولیس افسران ”ویلکم ویلکم“کھیلنے میں مصروف،ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قریب ڈاکوؤں نے نہ رکنے پر23 سالہ نوجوان علی رضا کو گولی مارکر قتل کردیا۔واحد کفیل اورجوان بیٹے کی ہلاکت پر والدین پر غشی کے دورے۔ اہل علاقہ اور ضلع بھر کی عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لے کر قصور اور گردونواح میں ڈاکوؤں کا راج ختم کرکے شہریوں کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیل کے مطابق قصور شہر اور ضلع بھر میں ڈاکوؤں کا راج قائم ہو چکا ہے اور وہ شہریوں کو مزاحمت اور نہ رکنے پر گولیاں مار کر ہلاک کر رہے ہیں جبکہ نئے تعینات ہونیوالے ڈی پی او قصور ویلکم ویلکم کھیلنے میں مصروف اور پھولوں کی مالائیں پہنوانے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز گاؤں بھیڈیاں عثمان والا کا رہائشی علی رضا جو کہ ایک فیکٹری میں ملازم تھا، فیکٹری سے چھٹی پراپنے گاؤں بھیڈیاں عثمان والا جارہا تھا جب وہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قریب پہنچا تو وہاں ڈاکو ناکہ لگاکرسرعام راہگیروں کو لوٹ رہے تھے۔ڈاکوؤں نے اسے بھی رکنے کا کہا،علی رضا کے نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے پیچھے سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولی سر میں آر پار ہوگئی جسے انتہائی تشویشناک حالت میں لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا یہاں پر کئی گھنٹے موت حیات کی کشمکش میں جان کی بازی ہار گیا۔ قصور پولیس ضلع میں بڑھتے ہوئے کرائم کو کنٹرول کرنے میں بے بس نظر آرہی ہے ضلع میں بڑھتی ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں نے عوام میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے شہری خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ پولیس گشت نہ ہونے اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکو دیدہ دلیری کے ساتھ شہریوں راہگیروں دوکانداروں کو لوٹ رہے ہیں اور مزاحمت اور نہ رکنے پر عوام کو گولیاں مار کر زخمی اور قتل کر رہے ہیں مگر پولیس ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔ پولیس افسران کی سنجیدگی نااہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ تھانہ صدر میں کئی دنوں سے ایس ایچ او کی تعیناتی نہیں کر سکے پچاس سے زائد علاقوں پر مشتمل تھانہ لاوارث پڑا ہے۔ اہل علاقہ اور ضلع بھر کی عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لے کر قصور اور گردونواح میں ڈاکوؤں کا راج ختم کرکے شہریوں کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments